سندھ طاس معاہدے پر بھارتی رویہ ناقابل قبول ہے، وزیر اعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے گفتگو

بدھ 30 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی و غیر ذمہ دارانہ اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے معاہدے کے تحت دستیاب پانی 240 ملین شہریوں کی لائف لائن قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری طاقت سے دفاع کرے گا۔

وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے مابین ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں بالخصوص جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پہلگام حملے کے 5 منٹ بعد پاکستان پر الزام نامناسب، دنیا پاک بھارت کشیدگی کم کرائے، سابق امریکی نائب وزیر خارجہ

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکریٹری جنرل کو دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی بے بہا قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کرتا ہے۔

پاکستان کیخلاف بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو پہلگام حملے سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے مذکورہ حملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو غیر قانونی قرار دینے کی بھارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی وسیع پیمانے پرریاستی سرپرستی میں دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش

وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری طاقت سے دفاع کرے گا، انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ذمہ داری سے کام لینے اور تحمل کا مشورہ دیں۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے حل طلب مسئلہ کو جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی پر امریکا کا مؤقف، اہم مشورہ دے دیا

وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار رکن اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا اس اہم وقت میں خطے میں کسی قسم کی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان اور صومالیہ میں بحری دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چین کی طرز پر اسلام آباد میں لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر قائم ہوگا، محسن نقوی

پاکستان اور امریکا کا دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

خواتین نے مینگرووز کے جنگلات بحال کرکے دارالحکومت کو سمندر کے خطرات سے بچانا شروع کردیا

افغانستان دہشتگرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا، عالمی برادری مؤثر اقدامات کرے، پاکستان

ویڈیو

سولر انقلاب کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا امتحان، ماہرین کا بیٹری اسٹوریج اور اسمارٹ گرڈز کی اہمیت پر زور

آزاد کشمیر میں اقتدار کی دوڑ تیز، ن لیگ کی سادہ اکثریت، وزارت عظمیٰ کے لیے بڑے نام سامنے آگئے

صومالی وزیرِ دفاع کی نیول اور ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، دفاعی شراکت داری، تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے پر اتفاق

کالم / تجزیہ

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر

کشمیر: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

پہلا دروازہ