بھارت کے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملے، 8 شہری شہید، 33 زخمی

بدھ 7 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل داغے ہیں، سویلین آبادی کو رات کے اندھیرے میں نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں معصوم بچی سمیت 8 شہری شہید جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کے 5 جہاز اور انڈین بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کردیا گیا۔

بھارت کے بزدلانہ حملے میں بہاولپور میں نہتے اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنایاگیا، بزدلانہ حملےمیں معصوم بچی، ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا، پاکستان کی طرف سے بھارتی بلاجواز حملے کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مظفرآباد، کوٹلی، احمد پور شرقیہ، بہاولپور اور مریدکے میں میزائل داغے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 8 شہری شہید اور 33 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے، احمد پور شرقیہ میں معصوم بچی سمیت 5 پاکستانی شہید ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مظفرآباد میں مسجد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بچی زخمی ہوئی اور مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ مریدکے میں بھی مسجد پر میزائل داغے گئے جس میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہاکہ بھارتی فوج نے سیالکوٹ کے علاقے کوٹلی لوہاراں میں ایک میزائل داغا، جبکہ شکر گڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دشمن کے بلاجواز حملہ کا پاکسانی فوج بھر پور جواب دے رہی ہے، آج دن میں تمام میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا،تاکہ بھارت کی ننگی جارحیت کو ساری دنیا دیکھے۔

دریں اثنا وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے ہیں، اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ بھارت نے جو اقدام کیا ہے اسے اس کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp