ہیروں کے ارب پتی تاجر ’نیرَو مودی‘ کا عروج سے اربوں کے بینک فراڈ تک کا سفر

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے ارب پتی جیولر نیرَو مودی، جو کبھی کیٹ ونسلیٹ، نومی واٹس اور پریانکا چوپڑا سمیت عالمی شخصیات کے ساتھ اپنے برانڈ کے باعث شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، اب بھارت کے بڑے بینک فراڈ کیس میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

نیرَو مودی نے 2010 میں اپنے نام سے زیورات کا برانڈ شروع کیا اور نیویارک، لندن، ہانگ کانگ سمیت دنیا کے بڑے شہروں میں بوتیکس قائم کیے۔ 2017 میں فوربز نے ان کی دولت کا تخمینہ 1.8 ارب ڈالر لگایا تھا۔

مزید پڑھیں:ہیروں کے تاجر بھائیوں میں تنازع، عدالت نے اہم فیصلہ سنا دیا

2018 میں بھارتی حکام نے ان پر پنجاب نیشنل بینک کو قریباً 2 ارب ڈالر کا مبینہ فراڈ کرنے کا الزام عائد کیا۔ تحقیقات کے مطابق بینک کے بعض اہلکاروں نے نیرَو مودی، ان کے رشتہ دار میہول چوکسی اور ساتھیوں کی کمپنیوں کو ایسے مالی ضمانتی خطوط جاری کیے جنہیں غیر ملکی بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

تحقیقاتی اداروں کے مطابق ان ضمانتی خطوط کو بینک کے مرکزی نظام میں درج نہیں کیا گیا اور لازمی نقد ضمانت بھی حاصل نہیں کی گئی، جس کے باعث مبینہ طور پر اربوں ڈالر کی ذمہ داریاں کئی برس تک چھپی رہیں۔ نیرَو مودی الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:شوبز اسٹارز پر منڈلاتا نیا ’خطرہ کیا ہے؟، ہیرا ترین کا فنکاروں کے لیے اہم ترین انتباہ جاری

نیرَو مودی کو 2019 میں لندن میں گرفتار کیا گیا اور وہ بھارت حوالگی کے خلاف قریباً 7 برس سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ برطانوی عدالت ان کی اپیل مسترد کرچکی ہے، جبکہ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ان کے قانونی راستے اب آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق حوالگی کی صورت میں نیرَو مودی کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا جائے گا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ ان کے ماموں اور کاروباری ساتھی میہول چوکسی بھی بھارت کو حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp