عراق میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بغداد میں پاکستانی سفارتخانے نے تمام پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
بغداد میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عراق میں مقیم تمام پاکستانی شہری غیر ضروری سفر اور نقل و حرکت سے گریز کریں اور مکمل احتیاط برتیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران و عراق میں ہزاروں پاکستانی پھنس گئے، سفارتی رابطے منقطع، ایران جانے پر پابندی عائد
پاکستانی شہریوں کسی بھی ہنگامی صورت حال یا معاونت کے لیے سفارتخانے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عراقی فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستانی زائرین کی محفوظ رہائش اور واپسی کے لیے انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عراق میں موجود پاکستانی زائرین سے سفارتخانے کا مسلسل رابطہ برقرار ہے تاکہ ان کی ہر ممکن مدد کی جا سکے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ وہاں موجود پاکستانی طلبہ کی محفوظ واپسی کے لیے بھی انتظامات جاری ہیں۔ پہلے مرحلے میں 154 طلبہ کو واپس لانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عراقی فضائی حدود کی بندش، پاکستانی زائرین کی محفوظ رہائش اور واپسی کے لیے انتظامات جاری
انہوں نے مزید کہاکہ دفتر خارجہ میں قائم کرائسز منیجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے فعال ہے، جس سے رابطہ کرنے کے لیے فون نمبر 0092519207887 اور ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ تہران اور بغداد میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث ایران اور عراق میں ہزاروں پاکستانی زائرین اور دیگر شہری پھنس گئے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کو پاکستانی سفارت خانوں سے بھی رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کیخلاف اسرائیلی حملوں کے بعد عراق کا فضائی حدود بند کرنے کا اعلان
میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں موجود ایک پاکستانی مسافر نے بتایا کہ ایرانی دارالحکومت میں پاکستانی سفارت خانے کا واحد ایمرجنسی نمبر بند ہے، جبکہ عراق میں بھی پاکستانی سفارت خانے کے ایمرجنسی نمبرز پر کوئی کال وصول نہیں کررہا۔














