مشرقی وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری مسلح تنازع کے دوران حکومت نے ملک میں پیٹرول کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
وفاقی حکومت کی طرف سے ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران سپلائی چین میں ممکنہ خلل سے نمٹنے کے لیے 14 کروڑ لیٹر پیٹرول منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 9 فیصد سے زائد اضافہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے آئل کمپنیوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے کم از کم 20 دن کے لیے پیٹرول ذخیرہ کریں۔
اس کے علاوہ پی ایس او نے 6 جولائی کو پاکستان پہنچنے والے سمندری جہاز کو 26 جون کو ملک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ جہاز 7 کروڑ لیٹر پیٹرول لے کر پاکستان پہنچ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید پیٹرول بھی منگوایا جاسکتا ہے۔