پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام اپنے نام سے منسوب گردش کرنے والے خط کو جعلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے خط میں شاہ غلام قادر کے نام سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، کے نام ’ذاتی اور خفیہ‘ نوعیت کا خط ظاہر کیا گیا ہے۔
آج سوشل میڈیا پر گردش کرنے شاہ غلام قادر نام سے منسوب خط فیک اور AI جنریٹڈ ہے @highlight pic.twitter.com/tVCGcKcSmJ
— PML(N)Azad Jamu Kashmir🇵🇰 (@pmln_azad_kashm) September 14, 2026
مبینہ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ غلام قادر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایک سرکاری آفیسر کے خلاف شکایات لگائی ہیں، اور کہا ہے کہ انہیں اس آفیسر کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کے بعد وزارت عظمیٰ کی دوڑ سے باہر کیا گیا۔
خط میں شاہ غلام قادر کے نام سے یہ مؤقف بھی شامل ہے کہ ان کی بیٹی گھریلو خاتون ہیں اور ان کا کسی غیر سرکاری تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔
مبینہ خط میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری قائم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو شاہ غلام قادر خود کو عوامی سیاست کے قابل نہیں سمجھتے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
تاہم شاہ غلام قادر نے اب اپنے نام سے منسوب اس خط کی تردید کرتے ہوئے اسے جعلی اور اے آئی سے تیار کردہ قرار دیا ہے، جس کے بعد اصل حقیقت سامنے آگئی ہے۔














