ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ پیش رفت اسرائیلی علاقوں پر ایران کی جانب سے متعدد حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے کئی روز بعد فریقین نے فی الحال جنگی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ جنگ بندی کے آغاز کے ساتھ ہی خطے میں عارضی سکون کی امید کی جا رہی ہے، تاہم کسی باضابطہ معاہدے یا بین الاقوامی تصدیق کا انتظار باقی ہے۔
اسرائیل کی ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک کی فضائی حدود کو ایمرجنسی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے
یہ بھی پڑھیے تاحال جنگ بندی کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا، ایرانی وزیر خارجہ
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی اب نافذ العمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ براہ کرم! جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کا عمل ایک مرحلہ وار 24 گھنٹے کا منصوبہ ہے، جو منگل کو صبح 04:00 بجے GMT کے مطابق شروع ہوا۔ ان کے مطابق، اس منصوبے کے تحت ایران نے یکطرفہ طور پر تمام فوجی کارروائیاں روک دی ہیں، جبکہ اسرائیل 12 گھنٹے بعد اسی نوعیت کا اقدام کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہوگئے، صدر ٹرمپ کا اعلان
تاہم، ایران اور اسرائیل کی جانب سے تاحال اس مبینہ جنگ بندی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جو ایک ایسے تنازع کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اب تک ایران میں سیکڑوں افراد اور اسرائیل میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی برادری اس جنگ بندی کے مستقل قیام اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کی توقع کر رہی ہے۔
اسرائیلی فضائی حدود جزوی طور پر بحال، ایمرجنسی پروازوں کی اجازت دیدی گئی
اسرائیل کی ایئرپورٹس اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود کو ایمرجنسی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ فضائی حدود کو اس سے قبل ایران کی جانب سے جاری رہنے والے میزائل حملوں کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔
اتھارٹی کے مطابق، مکمل فضائی آپریشن کی بحالی کا فیصلہ سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال صرف ہنگامی نوعیت کی پروازوں کو آمد و رفت کی اجازت دی گئی ہے۔
ایران کے میزائل حملوں کے باعث اسرائیل میں ہوائی آمد و رفت کا نظام شدید متاثر ہوا، اور متعدد پروازیں منسوخ یا مؤخر کر دی گئی تھیں۔