سینیٹ الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو اراکین اسمبلی نے مشال یوسفزئی کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بننے سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی طارق اریانی کے مطابق شکیل خان اور انہوں نے مشال یوسفزئی کو سینیٹ انتخاب میں ان کا تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بننے کا کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی کیا بات ماننے سے انکار کیا؟ مشعال یوسف زئی کا نیا انکشاف
طارق اریانی کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدین نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ بانی چیئرمین عمران خان نے مشال یوسفزئی کو سینیٹ امیدوار نامزد کیا ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شکیل خان اور وہ خود مشال یوسفزئی کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بننے سے دستبردار ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مشعال یوسف زئی اس وقت مشہور ہوئی تھیں جب گزشتہ برس 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا اور وہ بشریٰ بی بی کے ساتھ تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی نے مشعال یوسف زئی کو ترجمان کے عہدے سے ہٹادیا، 4 فوکل پرسن مقرر
بعد ازاں پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آگئے تھے اور مسرت جمشید چیمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کی ترجمان وہ ہیں۔ اور اس کے بعد مشعال یوسف زئی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔