پولیس ذرائع کے مطابق، حمیرا اصغر دو شناختی کارڈ استعمال کرتی تھیں۔ ایک شناختی کارڈ میں ان کی تاریخِ پیدائش 10 اکتوبر 1983 درج ہے جبکہ دوسرے میں یہی تاریخ 1997 لکھی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر مبینہ طور پر شوبز فیلڈ میں ٹیمپرڈ شناختی کارڈ استعمال کرتی تھیں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت، تفتیش میں مزید انکشافات سامنے آگئے
شناختی کارڈز کی نقول تفتیش کا حصہ بنا دی گئی ہیں اور انہیں فرانزک جانچ کے لیے بھجوایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔
لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش ڈی کمپوز کے آخری اسٹیج پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت تقریباً 8 ماہ پرانی ہے۔