وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں، جس سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو پر لگ گے ، 5 سال بعد پاکستانی طیارے ایک بار پھر برطانوی فضاؤں میں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر پابندیاں ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قومی ایئرلائن کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ایک اہم سنگِ میل ہے، اس مثبت پیش رفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوگا اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی ایئر لائنز کو عالمی کمپنیوں کے ساتھ مسابقت میں لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، حکومت ایوی ایشن سیکٹر میں بین الاقوامی معیار کے تقاضے پورا کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کے لیے درخواست دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان اور غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنایا‘ وزیر دفاع خواجہ آصف کا ممکنہ حکومتی کارروائی کا عندیہ
مئی 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد اُس وقت کے وزیرِ ہوا بازی نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ملک کے ایک تہائی کمرشل پائلٹس جعلی ڈگریوں کے حامل ہیں۔ اس بیان کے بعد جون 2020 میں برطانیہ اور یورپی ممالک نے پاکستانی پروازوں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔