ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، پائلٹس کی آخری گفتگو منظر عام پر، فیول کٹ آف پر سوالات اٹھ گئے

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کے طیارے کاک پٹ میں حادثے سے قبل ریکارڈ ہونے والی آخری گفتگو سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ طیارے کے کپتان نے انجن کو فیول فراہم کرنے والے سوئچز کو بند کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایئرانڈیا کے طیارے کو حادثہ کیوں پیش آیا؟ تحقیقات میں اہم پیشرفت

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز کے آغاز کے فورا بعد، جب بوئنگ 787 ڈریم لائنر نے رن وے چھوڑا ہی تھا، تو فرسٹ آفیسر نے کپتان سے سوال کیا کہ انہوں نے فیول سوئچز کو کٹ آف پوزیشن پر کیوں منتقل کیا۔ فرسٹ آفیسر نے اس وقت گھبراہٹ کا اظہار کیا جبکہ کپتان پُرسکون رہے۔

حادثے میں پائلٹ اور عملے کے افراد سمیت 241 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 19 افراد زمین پر موجود تھے۔ صرف ایک مسافر زندہ بچا۔

رپورٹ میں بھارتی ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کے ابتدائی جائزے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس کے مطابق دونوں انجنوں کے فیول کٹ آف سوئچز ایک دوسرے کے بعد صرف ایک سیکنڈ کے وقفے سے بند کیے گئے۔ یہ واقعہ طیارے کے فضا میں بلند ہونے کے فوراً بعد پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق پرواز کے اڑنے اور گرنے میں صرف 32 سیکنڈ کا وقفہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مسافروں کی پراسرار بیماری نے ایئرانڈیا کی ساکھ پر ایک اور سوالیہ نشان لگادیا

وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی ہوا بازی کے ماہرین اور پائلٹس کے حوالے سے کہا ہے کہ سوئچ بند کرنا ممکنہ طور پر پائلٹ کی جانب سے کیا گیا عمل تھا، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ عمل غلطی سے ہوا یا جان بوجھ کر۔

جلد بازی میں نتیجہ اخذ نہ کریں، بھارتی وزیر ہوا بازی

بھارتی وزیر برائے شہری ہوا بازی کنجراپو رام موہن نائیڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ابتدائی رپورٹ ہے اور فیصلہ کن رائے کے لیے حتمی رپورٹ کا انتظار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹس دنیا کے بہترین پائلٹس میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت بے بنیاد قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

پائلٹس تنظیم کی وال اسٹریٹ جرنل پر تنقید

بھارتی پائلٹس کی نمائندہ تنظیم فیڈریشن آف انڈین پائلٹس کے صدر سی ایس رندھاوا نے امریکی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ رپورٹ میں کہیں یہ ذکر نہیں کہ فیول کنٹرول سوئچز پائلٹ کی غلطی سے بند کیے گئے۔ انہوں نے اعلان کیا تنظیم اس رپورٹ کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی، لوگ تفصیلی رپورٹ سے پہلے رائے قائم کر رہے ہیں جو کہ غیر مناسب ہے۔

ایئر انڈیا کا ردعمل

ایئر انڈیا نے مذکورہ رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اس نے ڈی جی سی اے کی ہدایت پر اپنے تمام بوئنگ 787-8 طیاروں میں فیول کنٹرول سوئچ کے لاکنگ میکنزم کی مکمل جانچ کی ہے، اور کسی قسم کی خرابی سامنے نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار کے ’میک ان انڈیا‘ دعوے، ایئر انڈیا حادثے کے بعد بے نقاب

ایئرلائن نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ تھروٹل کنٹرول ماڈیول (ٹی سی ایم) کی تبدیلی بھی بوئنگ کی ہدایت کے مطابق مکمل کردی گئی ہے، کیونکہ فیول کنٹرول سوئچ ٹی سی ایم کا حصہ ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp