سپریم کورٹ: بلوچستان ہائیکورٹ کا ٹھیکیدار کو سیکیورٹی رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کالعدم

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے ٹھیکیدار کے ورثاء کو سیکیورٹی رقم کی ادائیگی کے حکم کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ مالی نوعیت کے تنازعات مثلاً سیکیورٹی رقم کی واپسی کا فیصلہ ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور ایسے معاملات سول عدالتوں میں حل ہونے چاہئیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں کیس کی سماعت کی، جبکہ تحریری فیصلہ جسٹس شکیل احمد نے 5 صفحات پر جاری کیا۔

کیس کا پس منظر

1986 میں ٹھیکیدار فرید اللہ خان کو بلوچستان ہائیکورٹ کی عمارت کی تعمیر کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔

1991 میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ نے انہیں بلیک لسٹ کرتے ہوئے 68 لاکھ روپے کی سیکیورٹی رقم ضبط کر لی۔

2006 میں ٹرائل کورٹ نے بلیک لسٹنگ کالعدم قرار دی، مگر رقم کی واپسی کا حکم نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیے سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ: ترقی ہر سرکاری ملازم کا بنیادی حق قرار

بعد ازاں ٹھیکیدار کے ورثاء نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس نے 20 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگی کا حکم جاری کیا۔

ٹھیکیدار کے ورثا نے مکمل سیکیورٹی رقم (68 لاکھ روپے) کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جبکہ حکومت بلوچستان نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ

عدالت نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت انکوائری کر کے سیکیورٹی رقم کی ادائیگی کا فیصلہ دیا، جو اس کے دائرہ اختیار سے تجاوز تھا۔

سپریم کورٹ کے مطابق، حقائق پر مبنی مالی تنازعہ صرف سول عدالت میں طے ہو سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے حکومت بلوچستان کی اپیل منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے سپریم کورٹ: عدالتی وقت ضائع کرنے پر ایف بی آر کو 10 ہزار جرمانہ

ساتھ ہی ٹھیکیدار کے ورثاء کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ سیکیورٹی رقم کی واپسی کے لیے سول عدالت سے رجوع کریں۔

فیصلے کے مرکزی نکات

ہائیکورٹ مالی تنازعات جیسے سیکیورٹی رقم پر فیصلہ نہیں دے سکتی۔ حقائق پر مبنی معاملات کا دائرہ اختیار صرف سول عدالتوں کے پاس ہے۔ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ کی مداخلت غیر مجاز قرار دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp