محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم سندھ، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق سندھ اور جنوب مشرقی بلوچستان کے بعض مقامات پر بارش شدید نوعیت کی ہوسکتی ہے۔ پنجاب کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بھی ہفتے اور اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرنوالہ، سیالکوٹ اور مری میں اتوار کی رات بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، تھرپارکر، بدین، لاڑکانہ، دادو اور سکھر میں ہفتہ اور اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: موسمی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، کن سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی؟
بلوچستان کے بارکھان، خضدار، ژوب، قلات اور دیگر علاقوں میں بھی ہفتہ و اتوار کو بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور وزیرستان سمیت کئی علاقوں میں مطلع ابرآلود اور بارش متوقع ہے۔
IBF for Farmers of Potohar region (July 18, 2025) pic.twitter.com/y3FqZJFThd
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) July 18, 2025
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرگودھا میں سب سے زیادہ 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ تھرپارکر، خضدار اور چکوال سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ نوکنڈی میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی، حبس اور ممکنہ بارش کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔