نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1748.40 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جو مقررہ حفاظتی حد سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈیم کے اسپل وے کے دروازے 20 جولائی کو صبح 6 بجے کھول دیے جائیں گے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پانی کی سطح کو 1746.00 فٹ تک کم کرنا ناگزیر ہے، تاکہ ڈیم پر دباؤ کم ہو اور کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ اسپل وے قریباً 5 گھنٹے تک کھلے رہیں گے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس دوران ڈیم کے اطراف غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں، اور خاص طور پر قریبی علاقوں میں رہنے والے لوگ واٹر فرنٹ سے دور رہیں۔ ماہی گیروں اور کشتی رانی میں مصروف افراد کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور پانی کے قریب نہ جائیں۔
مزید پڑھیں: راول ڈیم میں زہر گھول کر مچھلیاں، پرندے مارنے والے 2 افراد گرفتار
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ اس کے ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرلیں تاکہ ممکنہ سیلابی ریلے سے نقصان سے بچا جاسکے۔