سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے 15 ٹرکوں پر مشتمل اشیائے ضروریہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حوالے کردی گئیں۔
پشاور کے گورنر ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان حوالہ کیا گیا۔ تقریب میں سندھ کے وزیر برائے آبادکاری مخدوم محبوب زمان نے خصوصی شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔

وزیر برائے آبادکاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پشاور پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں خیبرپختونخوا کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور خیبرپختونخوا کے بھائیوں کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کے پی میں 300 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔

امدادی سامان کی تفصیل

وزیر آبادکاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر متاثرین کے لیے خصوصی امدادی سامان خریدا گیا۔ یہ سامان 15 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں خوراک اور راشن (چاول، آٹا، دالیں، چینی اور گھی)، واٹر فلٹریشن یونٹس اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو بنیادی سہولت میسر آ سکے۔

گورنر ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب کے دوران امدادی ٹرک باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا انتظامیہ کے حوالے کیے گئے۔ موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت کی یہ کاوش ’بین الصوبائی یکجہتی‘ کی ایک عملی مثال قرار دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp