گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔

بدھ کے روز سندھ ہائیکورٹ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ، اٹارنی جنرل پاکستان اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کی کرسی خطرے میں پڑگئی، برطرفی کے لیے صدرِ پاکستان سے رجوع

سماعت کے دوران جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ کیا عدالت گورنر کو عہدے سے ہٹا سکتی ہے؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل احمد علی گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر غیر جانبدار عہدہ ہوتا ہے لیکن کامران ٹیسوری سیاسی جماعت کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر وفاق کے نمائندے کے طور پر صوبے میں غیر جانبدار رہنے کے پابند ہیں، عدالت صدر مملکت کو ہدایات جاری کرسکتی ہے کیونکہ درخواست میں صدر کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp