سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیوز اکثر نئے تنازعات کو جنم دیتی ہیں، ایسی ہی حالیہ دنوں میں دوبارہ وائرل ایک 5 سال پرانی ویڈیو میں سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے انکشاف کیا کہ وہ کس طرح بھارتی ٹیم سے باہر ہوئے۔
عرفان پٹھان، جنہوں نے 2012 میں اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا اور اس میچ میں 5 وکٹیں بھی حاصل کیں، ویڈیو میں بتاتے ہیں کہ انہوں نے میڈیا میں یہ خبر سننے کے بعد کہ کپتان مہندر سنگھ دھونی ان کی بولنگ سے خوش نہیں، براہِ راست دھونی سے وضاحت طلب کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیم سلیکشن سے متعلق فیصلوں پر عرفان پٹھان کی ایم ایس دھونی پر سخت تنقید، ویڈیو وائرل
“ہاں، میں نے ماہی بھائی سے پوچھا تھا، 2008 کی آسٹریلیا سیریز میں میڈیا میں بیان آیا کہ عرفان اچھی بولنگ نہیں کر رہا۔ مجھے لگا کہ میں نے اچھی بولنگ کی ہے، اس لیے میں نے ماہی بھائی سے جا کر پوچھا، کبھی کبھار میڈیا بیانات کو توڑ مروڑ دیتا ہے، تو میں نے کلیئر کرنا چاہا۔‘

عرفان پٹھان کے مطابق، مہندر سنگھ دھونی نے انہیں یقین دلایا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، سب پلان کے مطابق چل رہا ہے۔ ’جب آپ کو ایسا جواب ملے تو آپ یقین کر لیتے ہیں اور جو کر سکتے ہیں کرتے ہیں، بار بار وضاحت مانگنے سے اپنی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچتی ہے۔‘
مذکورہ ویڈیو میں عرفان پٹھان مزید کہتے ہیں کہ انہیں نہ تو کسی کے کمرے میں حقہ لگانے کی عادت ہے اور نہ ہی فضول باتیں کرنے کی۔ ’سب جانتے ہیں، کبھی کبھی خاموش رہنا بہتر ہوتا ہے، کرکٹر کا کام میدان میں پرفارم کرنا ہے اور میں نے اسی پر توجہ دی۔‘
Pathan bhai woh hookey ka kya hua???
— Akshat (@Akshatgoel1408) September 3, 2025
عرفان پٹھان کے بیان کا حقے والا حصہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور کئی صارفین نے اسے دھونی کی طرف اشارہ قرار دیا۔ جمعرات کو محمد شامی کے ساتھ ایک تصویر کے نیچے ایک مداح نے عرفان سے پوچھا کہ پٹھان بھائی، وہ حقے کا کیا ہوا، جس پر عرفان نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ وہ اور دھونی ساتھ بیٹھ کر پیئیں گے۔‘
عرفان نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ویڈیو کو جان بوجھ کر موجودہ وقت میں متنازع انداز میں پھیلایا گیا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ آدھی دہائی پرانی ویڈیو کو اب گھما پھرا کر پیش کیا جا رہا ہے، یہ فین وار ہے یا پی آر لابی۔














