وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کی اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انویسمنٹ (SAPSSI) کے چیئرمین الووی مہدییو نے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد میں ’آسان خدمت مرکز‘ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی کا ایک نیا سنگ میل طے ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں قائم ہونے والا یہ مرکز شہریوں کو ایک ہی چھت تلے مختلف محکموں کی خدمات فراہم کرے گا اور شہری سہولیات میں ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: ایئر چیف مارشل کی آذربائیجانی ڈائریکٹر جنرل دفاع سے ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ پر اتفاق
شہباز شریف نے اس منصوبے کے لیے شفاف اور میرٹ پر تعیناتیوں کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے دورۂ باکو کے دوران ’آسان خدمت مرکز‘ کا مشاہدہ کیا تھا اور اسلام آباد میں اسی طرز کا ماڈل متعارف کرانے کی ہدایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ حکومت کی کیش لیس معیشت پالیسی کو آگے بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا جبکہ اس کے دائرۂ کار کو مستقبل میں دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایران نے آرمینیا آذربائیجان معاہدے میں شامل مجوزہ ٹرانزٹ راہداری کو مسترد کردیا
وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور حکومتِ آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون مزید فروغ پائے گا۔
ملاقات کے دوران SAPSSI اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے حوالے سے باقاعدہ معاہدے پر دستخط بھی ہوئے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔













