پاکستان میں اگست 2025 کے دوران پاک سوزوکی موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مختلف ماڈلز میں سے سب سے زیادہ فروخت سوزوکی آلٹو کی رہی، جس کی فروخت جولائی کے مقابلے میں 80 فیصد بڑگئی، یہ فروخت 2 ہزار 327 یونٹس سے بڑھ کر 4 ہزار 139 یونٹس تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہر دل عزیز سوزوکی آلٹو کی فروخت میں اچانک بڑی کمی کیوں؟
سوزوکی کلٹس نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی، اگست میں اس کی فروخت 239 یونٹس سے بڑھ کر 497 یونٹس رہی، جو 108 فیصد کا اضافہ ہے۔ اسی طرح سوزوکی سوِفٹ کی مانگ میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی، جس کی فروخت جولائی کے 522 یونٹس سے بڑھ کر اگست میں 1 ہزار 473 یونٹس تک جا پہنچی، یعنی 182 فیصد اضافہ۔
چھوٹی کمرشل گاڑیوں میں سوزوکی راوی کی فروخت بھی 76 فیصد اضافے کے ساتھ 337 سے بڑھ کر 593 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ سوزوکی ایوری کی فروخت میں 63 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 230 سے بڑھ کر 376 یونٹس تک جاپہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں کتنا اضافہ کردیا؟
تاہم سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں کمی دیکھنے کو ملی، جو جولائی کے 25 یونٹس کے مقابلے میں اگست میں گھٹ کر صرف 22 یونٹس رہی، یعنی 12 فیصد کمی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگست میں فروخت میں اضافہ ممکنہ طور پر مالی سال کے آغاز، آٹو فنانسنگ سہولتوں اور مارکیٹ میں مانگ بڑھنے کی وجہ سے ہوا ہے۔














