شیراز نے اپنی سوشل میڈیا انکم کو گاؤں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
شیراز نے پہلے اپنے گاؤں کے اسکول کو اپ گریڈ کیا اور اب مقامی آبادی کے لیے ایک فری ایمبولینس فراہم کی ہے، جو دیہی عوام کے لیے صحت کی سہولتوں تک فوری رسائی میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ننھے ولاگر شیراز کا شاندار اقدام، سوشل میڈیا کی کمائی سے اسکول اپ گریڈ کروا دیا
شیراز کے مطابق گاؤں کے لوگ بیماری کی صورت میں 1 سے 2 گھنٹے کا سفر کرکے شہر پہنچتے تھے، جو خاص طور پر غریب افراد کے لیے انتہائی مشکل تھا۔ نئی ایمبولینس اب مریضوں کو بروقت اسپتال تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
شیراز کی اس انسانیت دوست کاوش کو سوشل میڈیا اور مقامی کمیونٹی میں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
ایک صارف نے لکھا’شیراز نے یوٹیوب آمدنی سے پہلے اسکول اپ گریڈ کیا اور اب ایمبولینس مہیا کی، تمام یوٹیوبرز کو اس سے سیکھنا چاہیے۔‘
یہ بھی پڑھیں: وی لاگنگ ترک کردینے والے ننھے شیراز نے نیا وی لاگ کیوں بنایا؟
ایک اور صارف نے کہا ’اللہ اسے مزید حوصلہ دے، یہ انسانیت کی خدمت اور ایدھی صاحب کے نقش قدم پر چلنے کا بہترین عمل ہے۔‘
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شیراز نے نہ صرف گاؤں کے مسائل کم کیے ہیں بلکہ یہ بھی دکھایا ہے کہ ایک فرد اپنی صلاحیت اور آمدنی کو مثبت سمت میں لگا کر معاشرے میں حقیقی تبدیلی لاسکتا ہے۔