پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ کے آخری راؤنڈ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 2 گول کے خسارے سے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ 3-3 گول سے برابر کر دیا۔
بدھ کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا تھا، تاہم آسٹریلیا کے خلاف یہ ڈرا گرین شرٹس کو 5 پوائنٹس کے ساتھ 5 میچز میں چوتھی پوزیشن دلانے میں کامیاب رہا۔
اب پاکستان ہفتہ کو تیسری پوزیشن کے لیے برطانیہ کی ٹیم کیخلاف کھیلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر
ملائیشیا کےجوہر بھرو شہر میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ میں آسٹریلیا نے میچ کے ابتدائی 10 منٹوں میں تیزی سے برتری حاصل کی، جب ٹوبی میلن اور آسکر سپرول نے گول اسکور کیے۔
پاکستان کے کپتان حنان شاہد نے 38ویں منٹ میں گول کر کے خسارہ کم کیا، مگر تیسرے کوارٹر کے آغاز پر آسٹریلیا نے ایک بار پھر برتری بحال کر لی۔
میچ کے 47ویں منٹ میں ایان گروبیلار نے پینالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے اسکور 3-1 کر دیا۔
مزید پڑھیں: کوالالمپور: 13واں سلطان آف جوہر ہاکی کپ، پاکستان نے ملائیشیا کو 2-7 سے شکست دیدی
اس کے فوراً بعد 48ویں منٹ میں حنان شاہد نے اپنا دوسرا گول داغا، جبکہ میچ ختم ہونے سے 4 منٹ قبل سیف اللہ کے فیلڈ گول نے پاکستان کو آسٹریلیا کا ہم پلہ بنا دیا۔
دن کے پہلے میچ میں برطانیہ نے نیوزی لینڈ کے ساتھ 2-2 سے میچ برابر کیا اور 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہی، جبکہ بھارت نے میزبان ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔
اب فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔












