وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا شعور اس ملک کی ترقی سے وابستہ ہے۔ ن لیگ کا نظریہ پاکستان میں اتحاد، محبت اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے، ہمارا مقصد ملک کو جدید معیشت کی طرف لے جانا ہے تاکہ غربت کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو خوشحالی میسر آئے۔
نارووال میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی معیشت کی بحالی کے چرچے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا تھا۔
پشاور سے کراچی تک کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو عمران خان نے چار سال میں بنایا ہو! کوئی بھی ایک ترقیاتی کام بتائیں! احسن اقبال pic.twitter.com/ePgJh4uRYv
— WE News (@WENewsPk) October 19, 2025
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جس شعور کا درس دیا، وہ نفرت، گالی گلوچ اور انتشار کا شعور تھا۔ اپنے کارکنوں کو سکھایا کہ مخالفین کو چور، ڈاکو کہو، ملک میں فساد پھیلاؤ۔
احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ پشاور سے کراچی تک عمران خان ایک بھی ترقیاتی منصوبہ بتائیں جو انہوں نے اپنے 4 سالہ دورِ حکومت میں مکمل کیا ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بہترین حکمتِ عملی کے باعث معرکہ حق میں عظیم کامیابی حاصل ہوئی۔ افغانستان سے ہونے والی جارحیت کا بھی بھرپور جواب دیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں۔ اب وقت ہے کہ معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی میں سب اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: الزام تراشی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی کا احسن اقبال کے بیان پر ردعمل
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ن لیگ حکومت پرعزم ہے۔ پاکستان اب مزید انتہا پسندی، نفرت یا انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔














