پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے حالیہ بیانات پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے انہیں افسوسناک اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کی الزام تراشی دراصل حکومت کی معاشی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی آن بان شان سمجھے جانے والے علی امین گنڈاپور کی مقبولیت میں کمی کیوں آئی؟
تحریک انصاف کے مطابق، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن تھی۔ برآمدات میں اضافہ، صنعتوں کا استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، کسان اور مزدور طبقے کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ اُس دور کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ تعمیرات، آئی ٹی اور صنعتی شعبوں میں حقیقی نمو دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت انہی منصوبوں کو اپنی تختی لگا کر پیش کر رہی ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے کون ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غیر یقینی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان خودداری، استحکام اور ترقی کی طرف بڑھ رہا تھا۔ قوم جانتی ہے کہ کون ملک بنا رہا تھا اور کون صرف اقتدار بچانے کے لیے جھوٹ بول رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اڑان پاکستان‘ کے تحت 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنائیں گے، احسن اقبال
یاد رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پنجاب کے ضلع نارووال میں سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی تحریک انصاف کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا تھا، تاہم آج پوری دنیا میں پاکستان کی معیشت کی بحالی کے چرچے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے معرکہ حق میں عظیم فتح حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے ہونے والی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے۔ مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ اب معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی میں کامیابی کے لیے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے قیدیوں کی رہائی کیسے ممکن ہے؟ احسن اقبال نے بتا دیا
احسن اقبال نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک اب مزید انتہا پسندی اور فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا۔














