اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ٹماٹروں کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اسلام آباد سبزی منڈی میں ٹماٹر 480 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں نرخ 650 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں۔
وی نیوز نے اسلام آباد سبزی و فروٹ منڈی میں ٹماٹروں کا کاروبار کرنے والوں سے رابطہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی ایک ماہ میں ٹماٹروں کی قیمت 100 روپے سے 600 فی کلو تک کیسے پہنچ گئی؟
اسلام آباد سبزی منڈی کے آڑھتی عدنان میار کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں ٹماٹر کی قلت برقرار ہے، گزشتہ رات اسلام آباد منڈی میں صرف ایک گاڑی ایران کے ٹماٹر کی پہنچی تھی جس کا وزن کم اور معیار بھی مناسب ہی تھا۔ ایران کے ٹماٹر کی چھوٹی ٹوکریاں (8 سے 9 کلو وزن ) 2500 سے 3900 روپے تک فروخت ہوئیں، یعنی فی کلو قیمت تقریباً 450 سے 500 روپے کے درمیان رہی ہے، اور یہ ہول سیل ریٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیے پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار بڑھانے کے لیے کاشتکاروں کو پنجاب حکومت کی انقلابی پیشکش
دوسری جانب سوات اور دیر کے علاقوں سے آنے والے ٹماٹر اس وقت مارکیٹ میں دستیاب ہیں، مگر ان کی سپلائی بھی محدود ہے۔ سوات کے ٹماٹر کی بڑی ٹوکری (14 سے 16 کلو وزنی) 4500 سے 6600 روپے تک فروخت ہوئی، جس کے نتیجے میں فی کلو قیمت 400 سے 600 روپے کے درمیان ہے۔
عدنان میار کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں افغانستان سے درآمد کی بندش، ایران سے محدود سپلائی، اور ملک کے بالائی علاقوں میں فصل کی کمی شامل ہیں، جب تک افغانستان سے درآمد بحال نہیں ہوتی اور نئی مقامی فصل منڈی میں نہیں آتی، قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے ٹماٹر کے استعمال کے صحت پر مثبت اثرات
اس وقت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں دکانوں پر ٹماٹر 500 سے 600 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ متعدد دکانوں پر ٹماٹر دستیاب ہی نہیں ہیں۔
عوام کی جانب سے ٹماٹروں کی قیمت میں ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 500 سے 600 روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر خریدنا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث اب تو سرکہ، آلو بخارہ اور دہی سے ہی سالن بنانا پڑے گا۔













