خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشتگردی کے ایک افسوسناک واقعے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جمعے کے روز نامعلوم دہشتگردوں نے غلمینہ چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع کی جانب روانہ ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ خودکش دھماکا: لواحقین سے رقم لے کر لاشیں دینے کا انکشاف، حقیقت کیا ہے؟
آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ پہلے دھماکے کی اطلاع ملنے پر ایس پی آپریشنز اسد زبیر اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو اسی دوران دوسرا دھماکہ ہوگیا۔
دوسرا دھماکہ سڑک کنارے نصب بم سے کیا گیا، جس میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دھماکے میں ایس پی سمیت دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
پولیس کو بھاری نقصان، سرچ آپریشن جاری
دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی اضافی نفری، بی ڈی یو اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تفتیشی اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دہشتگردوں نے پہلے چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور بعد میں سڑک کنارے نصب بم سے پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا۔ تاہم تاحال کسی گروپ یا کالعدم تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی شدید مذمت، فوری رپورٹ طلب
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ہنگو دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریدکے: پولیس نے ٹی ایل پی لانگ مارچ کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا؟
انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کے حوصلے بلند ہیں، وزیرِ اعلیٰ
سہیل آفریدی نے کہا کہ بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ شہید ایس پی آپریشنز اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب
پشاور میں وزیرِ اعلیٰ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔












