وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن پاکستان کے لیے ایک نہایت حساس معاملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی اسمگلنگ روکنے اور امیگریشن آسان بنانے کے لیے ایف آئی اے نے اہم فیصلہ کرلیا
وزارت داخلہ اسلام آباد میں پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ نے محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں وزیر مملکت طلال چوہدری اور پولینڈ میں پاکستان کے سفیر محمد سمیع بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر غیر قانونی امیگریشن، سرحدی تحفظ (بارڈر سیکیورٹی) اور قانونی معاونت (میوچل لیگل اسسٹنٹس) سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور سمندری حدود کو محفوظ بنانے کے لیے کوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات میں پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کو پولینڈ کے دورہ کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی امیگریشن: درخواست گزاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی سخت جانچ ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ
پولش نائب وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ہمیں ایک قدم آگے رہنا ہوگا۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے تدارک کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔














