پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو شکست دینے کے بعد دشمن ملک کی ایک اور سازش ناکام بنا دی، خفیہ اداروں نے بھارت کی جانب سے رچائی گئی سازش کو ناکام بناتے ہوئے جاسوس کو گرفتار کرلیا، جس نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سامنے لائی ہیں۔ اس دوران جاسوسی کرنے والے اعجاز ملاح کی اعترافی ویڈیو بھی نشر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کروا کر لاکھوں جانیں بچائیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ بھارت میدانِ جنگ میں شکست کو بھول نہیں پا رہا اور آپریشن ’سندور‘ کی ناکامی کے بعد اس نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی مہم زور و شور سے شروع کردی ہے، جس میں بھارتی میڈیا ایک غلط بیانیہ پھیلا رہا ہے۔
اعجاز ملاح کو سمندر سے کیوں گرفتار کیا گیا؟ یہ بڑا سوال ہے۔ اعجاز ملاح بالکل اس مقام پر پکڑا گیا جہاں سے آپ بھارت میں داخل ہوتے ہیں، کیونکہ اس سے ان کی نیت ثابت ہوتی ہے کہ وہ پاکستان فورسز کی وردیاں لے کر کہاں جا رہا ہے۔ عطا اللہ تارڑ pic.twitter.com/k5GC67HaFJ
— WE News (@WENewsPk) November 1, 2025
انہوں نے بتایا کہ ایک مچھیرے اعجاز ملاح کو بھارتی کوسٹ گارڈز نے گرفتار کیا تھا۔ اعجاز ملاح، جو سمندر میں ماہی گیری کے کام میں مصروف تھا، کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے رقم اور دیگر ترغیبات دے کر اپنے لیے بھرتی کیا اور مخصوص ٹاسک کے لیے پاکستان بھیجا گیا۔ تاہم پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے ایسے افراد کی نگرانی اور گرفتاری عمل میں لائی۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ اعجاز ملاح کو پاکستان نیوی، آرمی اور رینجرز کی وردیاں خرید کر لانے کی ہدایت دی گئی تھی اور اسے دیگر حساس اشیا حاصل کرنے کے لیے بھی بھیجا گیا۔ جب وہ ان وردیوں اور اشیا کی خریداری کر رہا تھا تو پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے اس کا پیچھا شروع کیا اور بعد ازاں اسے گرفتار کرلیا۔
عطااللہ تارڑ نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے متعدد اشیا برآمد ہوئیں جن میں سم کارڈ، ماچس، لائٹرز وغیرہ شامل ہیں۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے مالی لالچ اور دباؤ کے ذریعے اعجاز ملاح کو استعمال کیا اور ملزم نے گرفتاری کے بعد جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔
اعجاز ملاح کا اعترافی بیان
اعجاز ملاح نے اعترافی بیان میں کہاکہ میں اعجاز ملاح، ولد ریاض ملاح، ضلع ٹھٹہ کا رہائشی اور خاندانی طور پر مچھیرے کا کام کرنے والا ہوں۔ اگست 2025 میں مجھے بھارتی کوسٹ گارڈز نے گرفتار کیا۔
پاکستانی اداروں نے بھارتی جاسوسی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی! اعجاز ملاح کا اعترافی بیان منظرِ عام پر!
“ہم مچھلی پکڑنے گئے تھے تو بھارتی ایجنسیوں نے ہمیں گرفتار کر لیا۔ بھارتی ایجنٹ ‘اشوک’ نے مجھے کہا کہ میں پاکستان کی آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، موبائل سمز، پاکستانی سگریٹ،… pic.twitter.com/AscjZPT5AJ— WE News (@WENewsPk) November 1, 2025
’مجھے کہا گیا کہ آپ کے مقدمے کی کارروائی میں 2 سے 3 سال لگ سکتے ہیں۔ پھر مجھ سے کہا گیا کہ اگر میں ان کے لیے کام کروں تو میری رہائی فوراً ممکن ہے، جبکہ پیسوں اور انعام کا لالچ بھی دیا گیا۔‘
اعجاز ملاح نے بتایا کہ پھر مجھے رہا کیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ نیوی، رینجرز اور آرمی کی وردیاں، تین زونگ سم کارڈز، تین موبائل دکانوں کے بل، پاکستانی ماچس اور سیگریٹ کے ڈبے، لائٹر کے علاوہ پرانے 100 اور 50 کے نوٹ بھی فراہم کیے جائیں۔
’جب میں سامان اکٹھا کر کے اکتوبر میں دریا کے کنارے واپس جانے کے لیے روانہ ہوا تو پاکستانی شہریوں نے مجھے گرفتار کرلیا۔‘
اعجاز ملاح نے بتایا کہ اس کا رابطہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایک افسر اشوک کمار کے ساتھ تھا، جنہیں اس نے سامان اور تصاویر بھیجی تھیں۔
پاکستانی اداروں نے بھارت کو بے نقاب کردیا، طلال چوہدری
اس موقع وفاقی وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہاکہ آپریشن ’سندور‘ کی ناکامی کے بعد بھارت کی طرف سے مختلف سطحوں پر پروپیگنڈا اور تخریبی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ’سندور ٹو‘ ہوگا، کبھی کھلاڑیوں کے رویّے کو بڑہا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، اور کبھی جھوٹے اطلاعات کے ذریعے حالات قابو سے باہر دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس گرفتاری سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسے پروپیگنڈا اقدامات دہرائے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی اور پاکستانی اداروں نے انہیں بروقت بے نقاب کر دیا ہے۔‘
طلال چوہدری نے یہ بھی کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں ایسے نام اور شناختی اشیا منتخب کرتی ہیں کہ اُن سے دنیا پر تاثر یہ جائے کہ ملوث شخص مسلمان ہے یا پھر چین کو اس میں گھسیٹا جاتا ہے، جیسا کہ پہلے بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ پہلگام میں چینی سیٹلائٹ فون ملا۔
ہماری زمین، ہماری مٹی کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتی۔ چاہے آپ ہمارے خلاف حملے کے لیے جہاز بھیجیں یا اس قسم کی کوئی اور حرکت کریں، ہم ہر چیز کا مقابلہ کریں گے۔
طلال چوہدری pic.twitter.com/YdGujBWL85— WE News (@WENewsPk) November 1, 2025
ان کا کہنا تھا کہ یہ اس قسم کی کوششیں شواہد بنا کر بین الاقوامی تاثر دینے کے مترادف ہیں مگر سچ سامنے آ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ناگالینڈ میں علیحدگی کی تحریک زور پکڑ گئی، بھارتی حکومت کی مشکلات میں اضافہ
وزیر مملکت برائے داخلہ نے واضح کیاکہ پاکستان کی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ پروپیگنڈا جتنی بار بھی کیا جائے، پاکستان حقیقت آشکار کرتا رہے گا اور عالمی سطح پر اپنی ساکھ برقرار رکھے گا۔














