امریکی ریاست ورجینیا میں سینیٹر غزالہ ہاشمی نے لیفٹیننٹ گورنر کی دوڑ میں کامیابی حاصل کرکے امریکا کی پہلی مسلم خاتون بننے کا اعزاز حاصل کیا، جنہیں کسی ریاستی سطح کے عہدے پر منتخب کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی ریاست میں ایک اور سنگ میل اس وقت عبور ہوا جب ایبیگیل اسپینبرگر گورنر کے طور پر منتخب ہوکر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ اور ریپبلکنز کو بڑا دھچکا، ڈیموکریٹس کی 3 ریاستوں میں بڑی کامیابی
منگل کی شب اپنی فاتحانہ تقریر میں غزالہ ہاشمی نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر ایک نیا تاریخی راستہ تراشا ہے۔
Meanwhile, Indian origin Ghazala Hashmi has become the first Muslim woman elected to state office in the United States, winning the Virginia Lt. governor's race. A day of Historic firsts pic.twitter.com/zLNiABy6r1
— Rana Ayyub (@RanaAyyub) November 5, 2025
’میرا سفر ایک کم سن بچی کے طور پر سیوَنا ہوائی اڈے پر اترنے سے لے کر آج ریاستی سطح پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون بننے تک ممکن ہوا، نہ صرف ورجینیا میں بلکہ پورے امریکا میں۔ یہ سب اس ملک اور اس ریاست میں دستیاب مواقع کی وسعت کی بدولت ممکن ہوا۔‘
یہ دوسری بار ہے جب غزالہ ہاشمی نے تاریخ رقم کی ہے، اس سے قبل 2019 میں وہ ورجینیا کی قانون ساز اسمبلی کی پہلی مسلم خاتون رکن منتخب ہوئی تھیں، انہوں نے واشنگٹن ڈی سی کے جنوب مغرب میں واقع ایک ضلع کی نمائندگی کی۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود ظہران ممدانی کامیاب، ’کیا امریکی صدر کمزور ہورہے ہیں؟‘
گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں غزالہ ہاشمی نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں ووٹرز یہ پیغام دیں کہ ہم تعصب کی لکیروں سے منقسم نہیں ہیں۔
’ہم باقی ملک کو دکھا رہے ہیں کہ ورجینیا ایک ایسی جگہ ہے جو تنوع کو گلے لگاتا ہے۔‘
غزالہ ہاشمی اور اسپینبرگر دونوں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں، ورجینیا میں گورنر اور لیفٹیننٹ گورنر کے انتخابات علیحدہ طور پر منعقد ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نیویارک کے پہلے مسلم میئر ظہران ممدانی کون ہیں؟
اگرچہ لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات محدود ہوتے ہیں، لیکن وہ ریاستی سینیٹ میں ٹائی کی صورت میں فیصلہ کن ووٹ ڈال سکتے ہیں اور گورنر کے استعفے یا وفات کی صورت میں ان کے جانشین بنتے ہیں۔
ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے چیئرمین کین مارٹن نے غزالہ ہاشمی کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منتخب غزالہ ہاشمی نے ایک غیر معمولی مگر مرکوز مہم چلائی، جس کا محور لاگت میں کمی، معیشت کی ترقی اور بچوں کے لیے اعلیٰ معیار کی نگہداشت اور تعلیم کو یقینی بنانا تھا۔














