موٹروے ایم-5 پر غنودگی کے دوران بس ڈرائیور پکڑا گیا، موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی

جمعرات 13 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کے اہلکاروں نے موٹروے ایم-5 پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر بردار بس ڈرائیور کو غنودگی کے عالم میں گاڑی چلاتے ہوئے روک لیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پولیس افسران نے مسافر گاڑیوں میں نصب ڈیش کیم فوٹیج کی نگرانی کے دوران ایک بس ڈرائیور کو مسلسل جماعیاں لیتے اور غنودگی کا شکار ہوتے دیکھا۔ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بس کو روکا گیا۔

مزید پڑھیں: اوور اسپیڈنگ پر چالان، بچوں نے موٹروے پولیس سے عیدی مانگ لی

پولیس کے مطابق ڈرائیور کو چہرہ دھلوا کر ہوش میں لایا گیا تاکہ وہ مکمل طور پر بیدار ہو جائے۔ اس دوران افسران نے ڈرائیور کو نیند میں گاڑی چلانے کے خطرناک نتائج سے آگاہ کیا اور حفاظتی ہدایات بھی فراہم کیں۔

موٹروے پولیس نے تصدیق کی کہ ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں باندھ رکھی تھی، جس پر اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ترجمان این ایچ ایم پی کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ کے دوران نیند یا غنودگی نہ صرف ڈرائیور بلکہ مسافروں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: اووراسپیڈنگ کیخلاف موٹروے پولیس کی نئی سخت پالیسی کیا ہے؟

مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران اگر کسی ڈرائیور کو نیند میں یا لاپرواہی سے گاڑی چلاتے دیکھیں تو فوراً موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔

موٹروے پولیس نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید نگرانی نظام، ڈیش کیم فوٹیج اور دیگر ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp