وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رات گئے حیات میڈیکل کمپلیکس پشاور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلع خیبر کی تحصیل تیراہ میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔
یہ بھی پڑھیے ایک حوالدار 3 ججوں کے احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتا ہے، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کے تیمارداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی شکایات سنیں اور متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے متاثرین کے لیے فی کس 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن زخمیوں کا علاج تکنیکی وجوہات کے باعث صحت کارڈ کے تحت ممکن نہیں، ان کا بھی مکمل علاج مفت کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے کور کمانڈر پشاور سے کیا گفتگو ہوئی؟ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تفصیل بتادی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کولیٹرل ڈیمیج کا شکار زخمیوں کے فوری اور مؤثر علاج کو یقینی بنایا جائے۔














