پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان ٹی20 سہ فریقی سیریز 2025 کے لیے کمنٹری پینل اور عالمی براڈکاسٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
سیریز کے دوران پاکستانی شائقینِ کرکٹ کو ملکی اور غیر ملکی مشہور کمنٹیٹرز کی آوازیں سننے کو ملیں گی۔ اعلان کے مطابق عامر سہیل، رمیز راجہ، عروج مشتاق، بازید خان، رسل آرنلڈ اور پومی امبانگوا کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی پی ایل نے عرفان پٹھان کو کمنٹری پینل سے باہر کیوں کردیا؟ اہم وجہ سامنے آگئی
پریزنٹیشن کے شعبے میں بھی شاندار لائن اپ شامل ہے، جہاں زینب عباس اور سکندر بخٹ میچوں کے دوران پریزینٹرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بہترین کوریج اور معیاری براڈکاسٹنگ کے لیے مختلف ممالک میں قابلِ اعتماد نشریاتی اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان میں سیریز کی نشریات پی ٹی وی اسپورٹس اور پاکستان کرکٹ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہوں گی۔ بین الاقوامی سطح پر ویلو ٹی وی شمالی امریکا میں، سپر اسپورٹس سب صحارن افریقہ میں، ڈائیلاگ ٹی وی اور ٹی وی سپریم سری لنکا میں، ٹی اسپورٹس بنگلادیش میں، کرک بز مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں، جبکہ ایسٹرو جنوبی ایشیا میں براہ راست نشریات فراہم کرے گا۔ برطانیہ کے شائقین کرکٹ PCB Live کے ذریعے میچز دیکھ سکیں گے۔

پی سی بی کے مطابق اس جامع براڈکاسٹنگ نیٹ ورک کے تحت دنیا بھر کے تماشائی ٹرائی نیشن سیریز کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔














