پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
یہ مطالبہ ایک وائرل ویڈیو میں سامنے آیا جس میں کیپٹن صفدر یوٹیوبر تصدق اعوان کے ساتھ موجود تھے۔ تصدق اعوان نے کیپٹن صفدر سے سوال کیا کہ مچھ جیل کے علاوہ آپ نے کوئی جیل نہیں چھوڑی جس میں آپ قید نہ ہوئے ہوں۔ اڈیالہ جیل میں آپ بھی رہے ہیں آپ نے وہاں اچھا وقت گزارا ہے اور اس کا آج کل بہت چرچاہے۔
تصدق اعوان اور کیپٹن ر صفدر کی گپ شپ ہمیشہ دلچسپ ہوتی ہے ، اس ویڈیو میں کیپٹن صفدر بشری بی بی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔۔۔ pic.twitter.com/V3GRpZo4Er
— Hussain Ahmed Ch (@HussainAhmedCh8) November 30, 2025
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل والے کو بھی اب چھوڑیں، لڑائی معاف کریں، رات کو وہاں وزیراعلیٰ آگ جلا کے بیٹھا رہا ہے، اب اسے چھوڑ دیں۔ اس کا جواب دیتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ چھوڑ ہی دو بیچارے کو۔ اس کی عمر 75، 76 سال ہو گئی ہے اور میرے خیال میں اب وہ سیاست بھی نہیں کرے گا۔ انہیں چھوڑ دینا چاہیے۔
کیپٹن صفدر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو چھوڑیں نہ چھوڑیں لیکن ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو چھوڑ دینا چاہیے، وہ جیل میں تکلیف میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنائی گئی ہے۔














