پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی امدادی ٹیم سی 130 طیارے کے ذریعے سری لنکا پہنچ گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ ٹیم وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے روانہ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سری لنکا کے لیے انسانی امداد پر بھارت کی سفارتی ہٹ دھرمی، پاکستان کو 200 ٹن سامان بحری جہاز سے بھیجنا پڑگیا
کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز اور سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹ نے ریسکیو ٹیم کا استقبال کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی ٹیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تمام اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح اس مشکل گھڑی میں بھی سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے 200 ٹن اضافی امدادی سامان بھی بحری راستے سے جلد سری لنکا روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو بدترین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے باعث سیکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: طوفان ڈٹوا سے تباہی، بنگلادیش نے سری لنکا کے لیے امداد کی کھیپ بھیج دی
اس سے قبل پاکستان نیوی کی ٹیم سری لنکا میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔












