اسلام آباد میں ٹریفک حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں جہاں آئے روز تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
آج بھی اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں تیز رفتاری کے باعث دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں ایک اور دن، ایک اور حادثہ، نیو بلیو ایریا میں 2 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 2 افراد زخمی، سڑکیں کُھلی اور کُشادہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اوور اسپیڈ دیں، احتیاط ضرور کریں۔۔!! pic.twitter.com/jCfNiCx0jA
— Khurram Iqbal (@khurram143) December 19, 2025
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اوور اسپیڈنگ کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم بعد میں سڑک کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کشادہ سڑکیں اور بہتر انفراسٹرکچر ہونے کے باوجود حادثات میں اضافہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ احتیاط اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے بغیر حادثات کی روک تھام ممکن نہیں اس لیے اوور اسپیڈ سے اجتناب کریں اور ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط کریں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کلب روڈ پر حادثہ، کار سوار جاں بحق، 7 افراد زخمی
کئی صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے کہ اس ایریا میں اب ایکسیڈنٹ روز کا معمول بن گئے ہیں آخر اتنے حادثات کی وجہ کیا ہے؟ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ریڈ لائٹس کی خلاف ورزی پر ای چالان کے لیے کیمرے استعمال کیے جا رہے ہیں تو پھر اوور اسپیڈنگ پر نظر رکھنے کے لیے اسپیڈ کیمرے کیوں نہیں لگائے جاتے؟ اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیوں نہیں کیے جاتے؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سرینا چوک میں گاڑی نالے میں جا گری تھی اور اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کے کم عمر بیٹے ابوذر کی مبینہ طور پر اوور اسپِیڈ لینڈ کروزر V8 چلانے سے 2 لڑکیاں جاں بحق ہو گئیں تھیں۔ جبکہ اپریل میں اسلام آباد کے کلب روڈ پر ٹریفک حادثے میں کار سوار جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔














