الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہری پور ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص گروہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور ضمنی انتخابات کے حوالے سے بے بنیاد الزامات غیر ضروری اور حقائق کے منافی ہیں، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ترجمان شفیع جان نے انتخابی عمل کے بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کیے کہ فارم 47 ریٹرنگ آفیسر کی بجائے اسلام آباد سے جاری کیا گیا، جسے کمیشن نے یکسر غلط قرار دیا۔
#ECP pic.twitter.com/m7EGHfJMa0
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) December 19, 2025
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 18ہری پور کے ضمنی انتخاب میں فارم 47 ریٹرنگ آفیسر نے تیار کیا اور جاری کیا۔ یہ فارم مورخہ 24 نومبر 2025 کو صبح 3 بج کر 16 منٹ پر کمیشن کو بھیجا گیا اور 3 بج کر 22منٹ پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے بھی یہی نتیجہ کمیشن کو فراہم کیا۔ کمیشن نے 4 بج کر 28 منٹ پر فارم 47 اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا۔
مزید برآں ریٹرنگ آفیسر نے فارم 48 اور فارم 49 بھی 26 نومبر 2025 کو کمیشن کو ارسال کیے۔ واضح رہے کہ فارم 47 ریٹرنگ آفیسر کے دستخط کے ساتھ ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے آئین پر کیا اعتراضات ہیں، دور کیسے کیے جائیں گے؟
کمیشن نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی شکایت ہو تو مناسب فورم الیکشن ٹربیونل ہے نہ کہ بے بنیاد اور گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق جلد سخت کارروائی کی جائے گی۔














