پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے جنوب مغربی ضلع کوہلو میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 25 دسمبر 2025 کو کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے کوہلو ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خوارج گروہ کا سرغنہ دلاور ساتھی سمیت ہلاک
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ سہولت کار یا دیگر دہشت گرد عناصر کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی کوہلو، بلوچستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی پر خراجِ تحسین کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں دیرپا امن کے حصول تک ‘عزمِ استحکام’ کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔














