ہانک کانگ سے تعلق رکھنے والے ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جیکی چین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا گانا ریکارڈ کر لیا ہے جو ان کی وفات کے بعد ریلیز کیا جائے گا، جسے وہ دنیا کے لیے اپنا آخری پیغام قرار دیتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے 28 دسمبر کو بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم Unexpected Family کے پریمیئر کے موقع پر کہی
71 سالہ اداکار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے ان کی زندگی کے بارے میں سوچ کو گہرے طور پر متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق ان تجربات نے انہیں یہ احساس دلایا کہ انسان کو اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار بلا تاخیر کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں شاہ رخ خان کا نمبر کونسا؟
جیکی چین کا کہنا تھا کہ ’مجھے محسوس ہوا کہ جو کچھ کہنا ہے وہ ابھی کہہ دینا چاہیے اور جو کچھ کرنا ہے فوراً کر لینا چاہیے‘۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی آخری سوچوں اور احساسات کو ایک گانے کی صورت میں محفوظ کر لیا ہے جو خاندان اور انتظامیہ کی خواہش پر فی الحال ریلیز نہیں کیا جائے گا تاہم ان کی وفات کے دن اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
پریمیئر کے دوران حاضرین کی جانب سے گانے کا کچھ حصہ سنانے کی درخواست پر جیکی چین نے مسکراتے ہوئے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے ماحول جذباتی ہو جائے گا۔ انہوں نے اپنے ماضی کے خیالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی خطرناک اسٹنٹس کرتے ہوئے کم عمری میں مر جانے اور ایک لیجنڈ بننے کا تصور رکھتے تھے تاہم اب وہ اس سوچ سے مکمل طور پر دور ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران ہاشمی کا ’بولڈ امیج‘ کیریئر کی راہ میں رکاوٹ کیسے بنا، جانیے بالی ووڈ اداکار کا اعتراف
جیکی چین کی نئی فلم Unexpected Family ان کی روایتی ایکشن ہیرو شناخت سے ہٹ کر ایک سنجیدہ کردار پیش کرتی ہے۔ فلم میں وہ الزائمر کے مرض میں مبتلا ایک معمر شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنے کرایہ دار کو اپنا بیٹا سمجھ لیتا ہے اور مختلف اجنبی افراد کے ساتھ ایک غیر معمولی خاندان تشکیل دیتا ہے۔ اداکار کے مطابق یہ کردار ان کی اس خواہش کا اظہار ہے کہ انہیں محض ایکشن اسٹار نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت اداکار کے طور پر پہچانا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں دنیا کو یہ دکھانا چاہتا ہوں کہ میں ایک ایسا اداکار ہوں جسے کنگ فو آتی ہے نہ کہ صرف ایک ایکشن ہیرو‘۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ہانیہ عامر پر کاسمیٹک سرجری کے الزامات، کزن نے سوشل میڈیا پر حقائق بیان کردیے
اداکار نے اپنے کیریئر سے متعلق ایک افسوس کا بھی اظہار کیا اور بتایا کہ وہ 1993 کی معروف فلم Farewell My Concubine میں کام کرنے کے خواہشمند تھے تاہم اس وقت ان کی کمپنی نے ان کی اسکرین امیج پر عائد پابندیوں کے باعث اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا جو اب ختم ہو چکی ہیں۔
جیکی چین نے بڑھاپے کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے غزہ کے ایک بچے کے بیان کا حوالہ دیا جس میں اس نے کہا تھا کہ وہاں کے بچے بڑے ہونے کا خواب نہیں دیکھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر رسیدہ ہونا دراصل ایک خوش قسمتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان خود کو دیکھ کر ہنس پڑے، سنیل گروور کی پرفیکٹ نقل پر اداکار تالیاں بجاتے رہ گئے
جیکی چین اس فلم کی جانب اس لیے متوجہ ہوئے کیونکہ اس کی کہانی ہدایتکار لی تائیان کی دادی سے متاثر تھی، جس نے انہیں اپنی والدہ کی یاد دلائی۔ کردار کی تیاری کے لیے انہوں نے اسپتال میں الزائمر کے مریضوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرے گی اور متاثرہ افراد کے لیے ہمدردی کے جذبات کو فروغ دے گی۔ فلم یکم جنوری 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔
جیکی چین نے اپنے آئندہ منصوبوں کی بھی تصدیق کی، جن میں اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر ریلیز ہونے والی کنگ فو کامیڈی Panda Plan 2 اور ایکشن فلم The Shadow’s Edge کا سیکوئل شامل ہے، جس کی شوٹنگ 2026 کے اختتام پر شروع ہونے کی توقع ہے۔
اداکار نے اپنے خطاب کے اختتام پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ اداکاری کے قابل ہیں وہ ہر سال کم از کم ایک فلم میں کام کرتے رہنا چاہتے ہیں۔














