قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے ایک پرفیکٹ گیم تھی۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم نے پاور پلے، مڈل اوورز میں اچھی بیٹنگ کی اور بولنگ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ فیلڈنگ بھی شاندار رہی۔ ہم چاہتے ہیں کہ کل بھی اسی کارکردگی کو دہرائیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
اپنے نمبر 3 پر بیٹنگ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ ’میں نے خود کو اوپر اس لیے بھیجا کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ میں اسپن اچھا کھیل سکتا ہوں، اور یہی پلان ہم مستقبل میں بھی رکھنا چاہتے ہیں، خاص طور پر سری لنکا میں‘۔
عثمان خان کی اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ عثمان خان اسپن کے خلاف ہماری ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ہمیں اس کی صلاحیت پر پورا بھروسہ تھا اور ہمیں یقین تھا کہ اس کی اننگز جلد سامنے آئے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان 7 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز جیتنے میں کامیاب، اسپنرز نے بھی نیا ریکارڈ بنا دیا
سلمان آغا نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ 2-0 کو بھلا کر ہر میچ کو نیا میچ سمجھا جائے اور اسی انداز میں کرکٹ کھیلی جائے۔ امید ہے کہ کل ہم لاہور کے شائقین کو ایک بار پھر بہترین کرکٹ سے محظوظ کریں گے‘۔
پاکستان نے ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا، مچل مارش
پاکستان کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے اعتراف کیا ہے کہ اس میچ میں پاکستان نے ان کی ٹیم کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا، جبکہ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے اسے اپنی ٹیم کے لیے ایک مکمل اور مثالی میچ قرار دیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے کہا کہ ’پاکستان کو کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے ہمیں آؤٹ پلے کیا۔ آج سے پہلے سیریز ابھی زندہ تھی، امید ہے کہ ہم کل واپسی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: صائم ایوب کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی، پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی20 میں 22 رنز سے شکست دے دی
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں انہوں نے ہمیں شدید دباؤ میں رکھا، یہ پچ شاید 160 سے 170 رنز کی تھی۔ ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو جانتے ہیں کہ رن چیز میں پارٹنرشپس کتنی اہم ہوتی ہیں، مگر آج ہم ایسا نہ کر سکے۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا سبق ہے‘۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، بہترین کاکردگی پر کپتان سلمان علی آغا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔














