پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ وہ بطور کپتان پاکستان کے لیے تیز ترین نصف سنچری بنانے والوں کی فہرست میں دوسری نمبر پرآگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چاہتے ہیں کہ 0-2 سے کامیابی کو بھلا کر ہر میچ کو نیا سمجھا جائے، سلمان علی آغا
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل کے دوران سلمان علی آغا نے صرف 25 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو کسی بھی پاکستانی کپتان کی دوسری تیز ترین ففٹی شمار کی جا رہی ہے۔ یہ اننگز انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے مقابلے میں کھیلی۔
ریکارڈ فہرست میں سرفہرست سابق کپتان محمد حفیظ ہیں، جنہوں نے 2012 میں احمد آباد میں بھارت کے خلاف 23 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
بابر اعظم بھی 2 مواقع پر 27 گیندوں پر ففٹی اسکور کرچکے ہیں، ایک بار 2020 میں زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں اور دوسری بار 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سینچورین میں۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم پر سوال مت کریں، ’بی بی ایل‘ میں ان کی کارکردگی ہمارے لیے اہم نہیں، سلمان علی آغا
اس کے علاوہ سابق کپتان شعیب ملک نے 2007 میں سری لنکا کے خلاف جوہانسبرگ میں 27 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔
سلمان علی آغا کی یہ برق رفتار اننگز اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ نہ صرف قیادت میں مؤثر ثابت ہو رہے ہیں بلکہ بیٹنگ میں بھی ٹیم کے لیے میچ کا رخ بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔














