لاہور میں لگ بھگ 25 برس بعد بسنت کے تہوار کی واپسی نے شہر کو ایک بار پھر رنگوں اور خوشیوں سے بھر دیا ہے۔ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے کھلاڑی بھی پتنگ بازی کے جوش میں کسی سے پیچھے نہیں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بسنت کے تہوار پر تاریخی جشن
پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی اہلیہ اور دوستوں کے ہمراہ گزشتہ شب پتنگ اُڑانے کے لیے چھت پر نظر آئے۔ حسن علی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی سرگرمی کی اسٹوری شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر مقبول ہو گئی۔
اس کے علاوہ حسن علی کے ایک قریبی دوست نے بھی ان کی پتنگ بازی کی ویڈیو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی، جس میں قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک بھی موجود دکھائی دیے۔
View this post on Instagram
دوسری جانب سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی بسنت کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں ان کا جذبہ اور خوشی واضح طور پر جھلک رہی تھی۔ وسیم اکرم نے محفوظ بسنت کے انعقاد پر پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’لاہور کے مناظر دیکھ کر بچپن یاد آگیا‘، بسنت کے موقع پر وسیم اکرم نے لوگوں سے کیا اپیل کی؟
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لاہور کی تصاویر دیکھ کر خوشی ہوئی، شہر انتہائی خوبصورت دکھائی دے رہا ہے۔ وہ بسنت مناتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں اور بچپن کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، کیونکہ اس تہوار پر ایک خاص طرح کی خوشی اور جوش ہوا کرتا تھا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بڑے ہوئے، مگر بسنت کی خوشی کا اپنا ہی لطف ہے، اور اس وقت لاہوریوں اور بیرون ملک سے آنے والوں کی کیفیت کو وہ بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو مبارک ہو کہ اس نے حفاظتی انتظامات کے ساتھ اس تہوار کو دوبارہ ممکن بنایا، جبکہ پتنگ بازوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ آئندہ برسوں میں بھی بسنت اسی جذبے اور تحفظ کے ساتھ منائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: طویل پابندی کے بعد بسنت کا تہوار دوبارہ شروع، ’لاہور کے لوگ سونے کے موڈ میں نہیں‘
آخر میں انہوں نے بتایا کہ وہ خود اس بار بسنت نہیں منا سکیں گے کیونکہ انہیں ورلڈ کپ کی ذمہ داریوں کے لیے سری لنکا روانہ ہونا ہے۔














