خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ رہائش صرف چھت کا مسئلہ نہیں بلکہ بچوں اور خواتین کے وقار، مواقع اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں لاکھوں خاندان موسمیاتی تبدیلی اور سماجی چیلنجز سے متاثر ہیں، اور محفوظ رہائش کے فوائد خاص طور پر خواتین اور بچوں تک پہنچنا ضروری ہیں۔
مزید پڑھیں: خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی مٹہ میں انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت
خاتون اوّل نے سندھ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز پروگرام شروع کیا گیا، جو دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی مضبوط ہاؤسنگ منصوبہ ہے اور 15 ملین سے زیادہ لوگوں کو براہِ راست فائدہ پہنچا رہا ہے۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ مکانات اور زمین خواتین کے نام کرکے ان کے وقار، تحفظ اور مالی شمولیت کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پائیدار بستوں کے لیے سماجی ہم آہنگی اور مضبوط کمیونٹیز کے قیام پر توجہ دی جائے، اور حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور کمیونٹیز کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے۔ خاتون اوّل نے کہا کہ فورم کا مقصد عملی اور اثر انگیز حل نکالنا ہے، نہ کہ صرف بیانات دینا، اور ہر کمیونٹی کو بحران سے نبردآزما ہونے کے ساتھ آگے بڑھنے کی صلاحیت دی جائے۔
مزید پڑھیں: نواب شاہ: آصفہ بھٹو زرداری نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا
آصفہ بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ فورم شرکا کے لیے کامیاب اور متاثر کن ثابت ہوگا، اور ہر بچے اور عورت کے لیے محفوظ، وقار اور مواقع سے بھرپور زندگی ممکن بنائی جائے گی۔
خاتون اوّل نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ عملی اقدامات اور زمین پر نتائج ہی فورم کی کامیابی کا معیار ہیں۔












