ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں بھارت قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کو 61 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد شائقین کی بڑی تعداد نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
میچ دیکھنے کے لیے دبئی، مانچسٹر اور پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے شائقین نے اسٹیڈیم میں ہی قومی ٹیم پر برس پڑے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شکست پر کوئی اعتراض نہیں لیکم کم از کم اتنا تو کھیل لیتے کہ وہ فائٹنگ میچ لگتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم لڑتے ہوئے ہار جاتی تو انہیں ایک فیصد بھی شکوہ نہ ہوتا۔
'ہمیں فینز ہو کر شرم آتی ہے، کیا انہیں بھی شرم آتی ہے؟' pic.twitter.com/D1B74U7HgW
— Zubair Ali Khan (@ZubairAlikhanUN) February 15, 2026
شائقین کے مطابق وہ ہر سال بیرونِ ملک سے خصوصی طور پر میچ دیکھنے آتے ہیں اور اس مقصد کے لیے خطیر رقم خرچ کرتے ہیں لیکن کارکردگی توقعات کے برعکس رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شائقین بھی یہ کہہ رہے تھے کہ پاکستانی ٹیم کم از کم اتنا تو کھیلتی کہ فائٹنگ میچ لگتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بیٹر کے آؤٹ ہونے سے قبل ہی اگلا کھلاڑی تیار بیٹھا ہوتا ہے کہ یہ واپس آئے گا تو میں جاؤں گا۔ شائقین نے مزید کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر دن بھر ٹیم کے دفاع میں بحث کرتے رہتے ہیں لیکن ان کی پرفارمنس یہ ہے اور پھر یہ ہم سے امید رکھتے ہیں کہ اب ہماری تعریف کرو۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کمنٹس میں ہمیں گالیاں دیتے ہیں لیکن ٹیم کو شرم ہی نہیں آتی۔













