وزیراعظم شہباز شریف نے 2 روزہ دورہ دوحہ کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
Doha: Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets with the Amir of Qatar His Highness Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani.@CMShehbaz pic.twitter.com/t319K1Z4Gq
— PTV News (@PTVNewsOfficial) February 24, 2026
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ روابط کا جامع جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ امیرِ قطر نے اقتصادی تعاون کو اعلیٰ تزویراتی سطح تک لے جانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق امیرِ قطر نے وزیراعظم کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے اور ان کا یہ دورہ رواں برس متوقع ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر دوحہ پہنچے تھے۔












