فیفا ورلڈ کپ 2026: میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز، عالمی ستاروں کی پرفارمنس

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میلے ’فیفا ورلڈ کپ 2026‘ کا باقاعدہ آغاز میکسیکو میں ایک شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گیا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار یہ ٹورنامنٹ3 ممالک (میکسیکو، کینیڈا اور امریکا) میں کھیلا جارہا ہے، اور اسی مناسبت سے تینوں ممالک میں الگ الگ افتتاحی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جن میں سے پہلی تقریب میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں شروع ہوئی ہے۔

شاندار ثقافتی نمائش اور رنگوں کا امتزاج

میکسیکو میں ہونے والی اس تقریب میں وہاں کی روایتی ثقافت، مقامی رقص اور موسیقی کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

 اسٹیڈیم کو میکسیکو کے روایتی کاغذ کے فن (Papel Picado) اور دیگر ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا ہے جس نے شائقین کے جوش و خروش کو دگنا کر دیا ہے۔

کون کون پرفارم کررہا ہے؟

اس افتتاحی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے دنیا بھر سے نامور گلوکاروں اور فنکاروں کو مدعو کیا گیا ہے جو اپنی پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں سماں باندھ رہے ہیں.

شکیرا اور برنا بوائے

  یہ دونوں عالمی شہرت یافتہ ستارے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل ترانہ ’دائی دائی‘ لائیو پرفارم کررہے ہیں۔

الیجینڈرو فرنینڈس

 میکسیکو کے مقبول گلوکار جو تقریب میں میکسیکو کا قومی ترانہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔

ٹائلہ

جنوبی افریقہ کی معروف گلوکارہ جو اس تقریب میں پرفارم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کا قومی ترانہ بھی گا رہی ہیں۔

جے بالون

 کولمبیا کے مشہور آرٹسٹ جو فیفا البم کے گانے پر لائیو پرفارمنس دے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ لاطینی امریکا اور عالمی موسیقی کے دیگر بڑے نام بھی اس میگا ایونٹ کا حصہ ہیں جن میں درج ذیل شامل ہیں:

بلینڈا

ڈینی اوشین

لیلا ڈاؤنز

مانا 

لوس اینجلس ازولیس

تقریب میں ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور فیفا کی سفیر سلما ہائیک بھی موجود ہیں جنہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے فٹبال کے مداحوں کو خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ اس افتتاحی تقریب کے فوراً بعد ٹورنامنٹ کا پہلا افتتاحی میچ میزبان ملک میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 اس کے بعد اگلی تقریبات امریکا اور کینیڈا میں ہوں گی جہاں دیگر عالمی ستارے پرفارم کریں گے۔

منتظمین کے مطابق ورلڈ کپ سے تقریباً 13 ارب ڈالر آمدنی متوقع ہے، تاہم ایونٹ کے آغاز سے قبل مہنگے ٹکٹوں، ویزا پابندیوں اور امیگریشن مسائل نے بھی خاصی توجہ حاصل کی۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے میکسیکو سٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے انتظامات کا دفاع کیا اور کہا کہ بعض حلقوں کی تنقید کے باوجود ورلڈ کپ کی تیاریوں کو کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ بعض نشستوں کی قیمتیں ہزاروں ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم شائقین کے لیے کم قیمت ٹکٹ بھی دستیاب کرائے گئے تھے۔

دوسری جانب امریکی امیگریشن پالیسیوں کے باعث بعض افراد کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق صومالیہ سے تعلق رکھنے والے ایک ریفری کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ ایرانی ٹیم کے بعض عہدیداروں اور شائقین کو بھی ویزا مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

فیفا صدر نے ان معاملات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض فیصلے تنظیم کے دائرہ اختیار سے باہر ہوتے ہیں، تاہم فیفا نے ممکنہ حد تک مسائل کے حل کی کوشش کی۔

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو کو اپنے شائقین کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔ جنوبی افریقہ کے کوچ ہیوگو بروس نے کہا ہے کہ 85 ہزار سے زائد میکسیکن شائقین کے شور کے باوجود ان کی ٹیم صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

ادھر دفاعی چیمپئن ارجنٹائن ایک بار پھر لیونل میسی کی قیادت میں میدان میں اترے گا، جبکہ اسپین، فرانس اور انگلینڈ کو بھی ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

فٹبال کے مداحوں کی نظریں اب دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے میلے پر مرکوز ہیں، جہاں آئندہ چند ہفتوں میں سنسنی خیز مقابلوں، تاریخی لمحات اور نئے عالمی ہیروز کے ابھرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp