چڑیا گھر میں ’پنچ‘  نامی بندر بچے کی نئی دوستی، سوشل میڈیا پر دھوم

بدھ 25 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’پنچ‘ نامی ننھا میکاک بندر، جو ماں کی طرف سے دھتکارے جانے اور پھر اپنے نرم کھلونا ’اورنگوٹان‘ سے غیر معمولی لگاؤٔ کی وجہ سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہو چکا ہے، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ اس بار وجہ اس کی اپنے پسندیدہ نگران (کیپر) سے گہری وابستگی ہے، جس کی ویڈیوز ٹک ٹاک پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نگران پنجرے میں دوسرے بندروں کو کھانا تقسیم کر رہا ہوتا ہے تو پنچ اس سے زور سے لپٹ جاتا ہے، جیسے وہ قربت کو کھانے پر ترجیح دے رہا ہو۔

مشکل آغاز سے عالمی شہرت تک

پنچ، جسے مداح ’پنچی کن‘ بھی کہتے ہیں، جولائی 2025 میں جاپان کے شہر اچیکاوا کے میں پیدا ہوا۔ پیدائش کے فوراً بعد اس کی ماں نے اسے چھوڑ دیا، جس کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ نے براہ راست بندر بچے کی پرورش کی ذمہ داری سنبھالی۔

یہ بھی پڑھیے ماں کی جانب سے مسترد کیے جانے پر ننھے بندر نے کھلونے کو ‘ماں’ بنالیا، ویڈیو وائرل

جب بچے میں بے چینی اور تنہائی کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں تو عملے نے اسے ایک نرم اورنگوٹان کھلونا دیا، جو جلد ہی بندر بچے کا مستقل ساتھی بن گیا۔ پنچ کی وہ ویڈیوز، جن میں وہ کھلونے سے لپٹ کر سکون حاصل کرتا دکھائی دیتا ہے، سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں اور  لاکھوں بار دیکھی گئیں۔

گروپ میں شمولیت اور چیلنجز

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب پنچ نے آہستہ آہستہ دوسرے بندروں کے ساتھ میل جول بڑھانا شروع کر دیا ہے، اگرچہ وہ اب بھی اپنے گروہ کے سماجی اصول سیکھ رہا ہے۔ چڑیا گھر کے مطابق بعض اوقات بڑے بندروں کی جانب سے اسے ڈانٹ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جو بندروں کے سماجی رویے کا حصہ ہے۔

اس سے قبل ایک ویڈیو میں ایک بڑے بندر کو اسے گھسیٹتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد پنچ بھاگ کر اپنے کھلونا اورنگوٹان سے لپٹ گیا۔ اس منظر پر سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور #HangInTherePunch کے ہیش ٹیگ کے ساتھ حمایت کی گئی۔

’پنچ ڈیڈی‘ سے خاص تعلق

حالیہ ویڈیوز میں پنچ کا ایک اور پہلو سامنے آیا ہے۔ اپنے مخصوص نگران کے ساتھ اس کا گہرا تعلق، جسے آن لائن مداح محبت سے ’پنچ ڈیڈی‘ کہتے ہیں۔ ویڈیوز میں وہ کھانا موجود ہونے کے باوجود کیپر کو چھوڑنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس پر جذباتی تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، ’ہمیشہ اس کی حفاظت کریں’، جبکہ دوسرے نے کہا، ’میرے بیچارے بچے کو کھانے سے زیادہ محبت چاہیے۔‘

پنچ کی کہانی نے بین الاقوامی توجہ حاصل کی۔ سویڈن کی معروف کمپنی IKEA کو جب معلوم ہوا کہ پنچ کا نرم کھلونا دراصل اس کی مصنوعات میں سے ہے تو کمپنی کی جاپان ٹیم نے چڑیا گھر سے رابطہ کیا اور مزید نرم کھلونے اور سامان بطور عطیہ فراہم کیا۔

پنچ کو ڈھائی لاکھ ڈالر میں خریدنے کی کوشش

معروف شخصیات اینڈریو ٹیٹ اور ٹرسٹن ٹیٹ نے پنچ کو خرید کر ’محفوظ مقام‘ پر منتقل کرنے کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی عوامی پیشکش کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ اسے ایک کنٹرول شدہ ماحول میں بہتر دیکھ بھال فراہم کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ آن لائن دعوے کیے جا رہے تھے کہ اسے بڑے بندروں کی جانب سے تنگ کیا جا رہا ہے۔

اس پیشکش پر سوشل میڈیا پر شدید بحث جاری ہے۔ بعض افراد اسے ہمدردانہ اقدام قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے غیر ضروری مداخلت سمجھتے ہیں۔

پنچ کو دیکھنے کے لیے چڑیا گھر میں غیر معمولی رش

پنچ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد چڑیا گھر میں آنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ایک وائرل ویڈیو میں درجنوں افراد کو پنجرے کے قریب ریلنگ کے پاس کھڑے موبائل فونز سے ریکارڈنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو شیئر کرنے والے صارف کے مطابق پنچ صحت مند دکھائی دے رہا تھا، اگرچہ رش ’انتہائی زیادہ‘ تھا۔

یہ بھی پڑھیے: سائنس دانوں کے ساتھ ’چائے پارٹی‘، بنوبو بندر میں پہلی مرتبہ انسانوں جیسے تخیل کی صلاحیت کا انکشاف

یہ ویڈیو اب تک 45 لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے۔ متعدد صارفین نے چڑیا گھر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مزید اخراجات استعمال کرتے ہوئے بندروں کے لیے زیادہ قدرتی ماحول، جیسے درخت اور تالاب فراہم کیے جائیں۔

محبت کا طلبگار ننھا ستارہ

تازہ ویڈیوز میں پنچ کو دن کی روشنی میں بھی اپنے نگران سے لپٹتے دیکھا جا سکتا ہے، گویا اس کے لیے تعلق اور تحفظ سب سے زیادہ اہم ہیں۔

اگرچہ یہ واضح نہیں کہ یہ بندر بچہ مکمل طور پر اپنے گروہ میں کتنا رچ بس پایا ہے، لیکن اس کی زندگی سے متعلق ہر نئی خبر دنیا بھر کے لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بن رہی ہے۔ فی الحال، کھانے پر جھپٹنے کے بجائے اپنے نگران  سے لپٹ جانا انٹرنیٹ کی اس دنیا میں اس ننھے بندر سے محبت کو مزید گہرا کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp