ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فیصلہ کن دفاعی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے اور آئندہ چند روز میں دشمن کو اس کا اندازہ ہو جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہاکہ ایران کی جہادی عزم، حربی صلاحیت اور اسلحہ جاتی قوت اتنی مضبوط ہو چکی ہے کہ مخالف فریق آئندہ چند دنوں میں شدید دباؤ اور مشکلات کا سامنا کرے گا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے غزہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزارت دفاع کے ترجمان سردار طلائی نے مزید کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عسکری حکمت عملی اور دفاعی تیاری اسے دشمن کے مقابلے میں فیصلہ کن برتری فراہم کرتی ہے، جس کی بدولت آنے والے دنوں میں دشمن کو جنگ روکنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیاکہ ایران کی جارحانہ دفاعی حکمت عملی قومی و اسلامی شناخت، تہذیبی پس منظر اور عوامی اتحاد پر مبنی ہے اور یہ مکمل قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ملک کا دفاعی ڈھانچہ کسی ایک شخصیت پر منحصر نہیں بلکہ ایک منظم ادارہ جاتی نظام کے تحت کام کرتا ہے، جس میں آئینی ادارے، مسلح افواج، پاسداران انقلاب اور منتخب و غیر منتخب مراکز اقتدار شامل ہیں۔ اس کے نتیجے میں قیادت کے بدلنے یا مارے جانے کے باوجود نظام کا تسلسل برقرار رہتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کے خلاف فوجی آپریشن غیرمعمولی تیزی سے مکمل ہوا، اب معاہدہ ممکن نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
آخر میں انہوں نے کہاکہ ایران اپنی دفاعی حکمت عملی مسلسل جاری رکھے گا اور ملک کے سیاسی و عسکری نظام میں کوئی خلل نہیں آنے دیا جائے گا۔














