امریکا پہلے ہی اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جاری جنگ میں الجھا ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود واشنگٹن نے ایک اور فوجی محاذ کھولتے ہوئے لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور میں مشترکہ فوجی کارروائی شروع کر دی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس آپریشن کا ہدف منشیات سے وابستہ وہ گروہ ہیں جنہیں امریکا نے دہشتگرد تنظیمیں قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا سے معاہدہ کرنے کے لیے ’بے تاب‘ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایکواڈور کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ فوجی آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ سے منسلک مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔ امریکی سدرن کمانڈ کے مطابق یہ آپریشن تین مارچ سے شروع ہو چکا ہے اور اس میں امریکی اور ایکواڈور کی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
The Trump administration quietly opened another military front, this time in Ecuador.
US launches operation with Ecuador against South America terror groups https://t.co/7WLKJDf0ve
— WeCanSaveOurCountry (@heavenstairway2) March 4, 2026
امریکی فوج کے جنرل فرانسس ڈونووان نے اس کارروائی کو خطے میں منشیات سے جڑے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار قرار دیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ہیلی کاپٹروں کی پرواز اور فضائی نگرانی کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اس آپریشن میں امریکا کی شمولیت زیادہ تر لاجسٹک اور انٹیلی جنس معاونت تک محدود ہے جبکہ زمینی کارروائیاں بنیادی طور پر ایکواڈور کی افواج کر رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ کے مطابق دونوں ممالک خطے میں پھیلتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا عندیہ
ادھر ایکواڈور کے صدر ڈینیل نوبوا نے اس تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف جنگ کا نیا مرحلہ ہے۔
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے منشیات کے بڑے کارٹیلز کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا اور ان کے خلاف فوجی حکمت عملی اپنانا قانون نافذ کرنے اور جنگی کارروائی کے درمیان حد کو دھندلا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات سے شہری ہلاکتوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔













