جنوبی کوریا میں مقیم جاپانی سوشل میڈیا انفلوئنسر مینا چن نے مبینہ طور پر لائیو اسٹریم کے دوران خودکشی کرلی، جس کے بعد ان کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ مینا چن 5 اگست کی صبح سیول کے یونگسان ضلع میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں۔
پولیس کو اس وقت اطلاع دی گئی جب ان کے دوستوں نے لائیو براڈکاسٹ کے دوران صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ تاہم حکام نے تاحال ان کی موت کی حتمی وجہ یا محرکات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست گجرات میں کریڈٹ کارڈ فراڈ سے دلبرداشتہ ہوکر 3 افراد کی خود کشی، ملزم گرفتار
مینا چن کی بہن نے بعدازاں انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور انہیں ایک محبت کرنے والی اور نرم دل انسان کے طور پر یاد کیا۔
جاپانی نژاد مینا چن جنوبی کوریا کے معروف پاپ گروپ ENHYPEN کی مداحوں کی کمیونٹی میں بھی خاصی مقبول تھیں۔ وہ گروپ کے شوز اور فین ایونٹس میں شرکت کرتی اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مواد شیئر کرتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’وہ کسی اور کا ہوگا تو قیامت ہوگی‘، گرل فرینڈ کی شادی کسی اور سے طے پانے پر باڈی بلڈر عاشق نے خود کشی کرلی
رپورٹس کے مطابق جولائی میں امریکا میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے بعد مینا چن کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مبینہ طور پر انہوں نے گروپ کے رکن نِکی (Ni-Ki) کو پھول دینے کی کوشش کی، تاہم ان تک نہ پہنچ سکیں اور بعد ازاں پھول گروپ کے ایک اور رکن سونو (Sunoo) کے ذریعے نِکی تک پہنچانے کی کوشش کی۔
کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مینا چن کے رویے پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ تاہم ان کی موت کو براہِ راست آن لائن تنقید سے جوڑنا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ جنوبی کوریا کی پولیس نے تاحال موت کے محرکات کے حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔













