’کنگ آف دی ورلڈ‘ مجسمہ، ٹرمپ اور ایپسٹین کی دوستی پر طنزیہ فن پارہ

بدھ 11 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے نیشنل مال میں منگل کے روز ایک متنازع مجسمہ نصب کیا گیا جس میں امریکی صدر ٹرمپ اور جنسی جرائم میں سزا یافتہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین کو فلم ٹائیٹانک کے مشہور منظر کے کردار جیک اور روز کے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

’کنگ آف دی ورلڈ‘ کے نام سے نصب کیا گیا یہ مجسمہ اس منظر کی طرف اشارہ کرتا ہے جس میں فلم کے کردار جہاز کے اگلے حصے پر کھڑے ہوکر یہی جملہ کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ ایپسٹین کی جنسی اسمگلنگ میں شریک تھے یا نہیں، کچا چٹھا کھلنے کو تیار

مجسمہ بنانے والی تنظیم ’سیکرٹ ہینڈ شیک‘ کے مطابق اس یادگار کے دونوں اطراف نصب تختیوں پر لکھا ہے کہ جیک اور روز کی الم ناک محبت کی کہانی شاہانہ سفر، شور شرابے والی محفلوں اور خفیہ خاکوں پر مبنی تھی، اور یہ یادگار ڈونلڈ ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین کے درمیان اسی نوعیت کی دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ مجسمے کے اطراف میں دونوں شخصیات کے حوالے سے 10 بڑے بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔

تنظیم کے مطابق 2026 صدر ٹرمپ کے لیے بینرز کا سال رہا ہے کیونکہ ان کی تصاویر کے بڑے بینرز واشنگٹن ڈی سی میں متعدد وفاقی عمارتوں پر لگائے گئے، اس لیے انہوں نے بھی اسی طرز پر اپنے بینرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی خاتون اول کا مجسمہ غائب، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

اس سے قبل اسی تنظیم کی جانب سے ستمبر 2025 کے آخر میں نیشنل مال پر صدر ٹرمپ اور ایپسٹین کی دوستی کو ظاہر کرنے والا ایک اور مجسمہ نصب کیا گیا تھا، جس میں دونوں کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے اچھلتے کودتے دکھایا گیا تھا۔

یہ مجسمہ احتجاجی فن پارے کے طور پر خاصی توجہ کا مرکز بنا، تاہم امریکی پارک پولیس نے اجازت نامے کی مبینہ خلاف ورزی پر اسے ایک دن بعد رات کے وقت ہٹا دیا تھا۔

ایک ہفتے بعد یہ مجسمہ دوبارہ نصب کیا گیا اور 4 دن تک اپنی جگہ موجود رہا۔

مزید پڑھیں: ایپسٹین فائلز سے ٹرمپ کی تصویر ہٹانے پر طوفان، محکمہ انصاف تصویر بحال کرنے پر مجبور

تنظیم ’سیکرٹ ہینڈ شیک‘ اس کے بعد بھی مختلف تنصیبات لگاتی رہی ہے۔ جنوری میں ایپسٹین کی سالگرہ کے موقع پر نیشنل مال میں تقریباً 10 فٹ اونچا ایک بڑا سالگرہ کارڈ نصب کیا گیا، جس پر مبینہ طور پر وہ پیغام اور خاکہ درج تھا جو ٹرمپ نے ایپسٹین کو بھیجا تھا، جبکہ آنے والے افراد کو اس کارڈ پر دستخط کرنے کی بھی اجازت دی گئی تھی۔

تنظیم کی جانب سے نصب کیا گیا تازہ ترین مجسمہ جمعہ 13 مارچ تک نیشنل مال پر موجود رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp