پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے پاکستان، جنوبی کوریا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
کپتان ابوبکر محمود نے 2 اہم گول اسکور کیے اور ‘مین آف دی میچ’ قرار پائے، جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل سے کامیابی اپنے نام کی۔
پاکستان کا زبردست کم بیک
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے سے ہوا۔

پہلے ہاف میں دونوں جانب سے عمدہ دفاعی کھیل دیکھنے میں آیا، تاہم 30 ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی سن ڈین نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی ہاکی رینکنگ: پاکستان ترقی کر کے 12ویں نمبر پر پہنچ گیا
ہاف ٹائم کے بعد قومی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف3 منٹ بعد 33 ویں منٹ میں عبدالرحمان نے شاندار فیلڈ گول اسکور کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
ابوبکر محمود نے فتح یقینی بنا دی
برابری کے گول کے بعد پاکستان نے میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ قومی ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود نے 52 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر خوبصورت گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔

میچ کے آخری لمحات میں ایک بار پھر پاکستان کو پینلٹی کارنر ملا، جسے 60 ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے اسکور 1-3 کر دیا اور پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
ابوبکر محمود ‘مین آف دی میچ’ قرار
میچ میں 2 فیصلہ کن گول اسکور کرنے پر قومی ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود کو ‘مین آف دی میچ’ کا اعزاز دیا گیا۔ ان کی قائدانہ صلاحیت اور جارحانہ کھیل نے قومی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کی شرکت
میچ کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔
میچ کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے قومی کھیل کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔
میچ آفیشلز
میچ کو فہد علی خان اور اسد عباس نے سپروائز کیا، جبکہ محمد ساجد رضا ریزرو ایمپائر، ہارون رشید ویڈیو ایمپائر، عدنان شہزاد اسکورنگ جج، محبوب جاوید ٹائمنگ جج اور حمزہ طفیل ٹیکنیکل آفیشل کے فرائض انجام دیتے رہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں کی ہاکی سیریز کا پہلا مقابلہ آج اسلام آباد میں ہوگا
ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ محمد شفیق، ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد وقاص شیخ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ، چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک اور دیگر آفیشلز بھی میچ کے دوران موجود تھے۔
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا مقصد قومی ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ میچ پریکٹس فراہم کرنا اور عالمی مقابلوں کی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔
حالیہ برسوں میں پاکستان ہاکی فیڈریشن بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرکے ہاکی سرگرمیوں کی بحالی اور قومی کھیل کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
جنوبی کوریا کے خلاف یہ کامیابی نہ صرف قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ مستقبل کے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔














